جھارکھنڈ میں ہزاری باغ کی ایک عدالت نے ایم ایل اے اشوک سنگھ قتل معاملے
میں آج راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سینئر لیڈر اور بہار کے مہاراج گنج
سے سابق ایم ایل اے پربھو ناتھ سنگھ سمیت تین لوگوں کو قصوروار قرار دیا جس
کے بعد انہیں جیل بھیج دیا گیا۔ عدالت نے 22 سال پرانے قتل کے اس معاملے
میں مسٹر سنگھ کے علاوہ ان کے بھائی دینا ناتھ سنگھ اور سابق مکھیا رتیش
سنگھ کو قصوروار قرار دیا۔ عدالت سے قصوروار قرار دیئے جانے کے بعد مسٹر
سنگھ کے ساتھ دیگر دونوں کو جیل بھیج دیا گیا۔ اس معاملے میں 23 مئی کو سزا
سنائی جائے
گی۔
سال 1995 میں جنتا دل کے ٹکٹ پر مشرخ حلقہ سے ممبر اسمبلی اشوک سنگھ کو
پٹنہ میں ان کی سرکاری رہائش گاہ پر گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا۔ اس
معاملے میں پٹنہ کے سکریٹریٹ تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا تھا۔ ایم ایل اے
اشوک سنگھ کی بیوی چاندنی دیوی نے اس معاملے میں سیشن ٹرائل نمبر
04.01.08/09 درج کرایا تھا جس میں پربھو ناتھ سنگھ، ان کے بھائی دینا ناتھ
سنگھ اور رتیش سنگھ پر شوہر کے قتل کا الزام لگایا گیا تھا۔ پربھو ناتھ
سنگھ کو بہار کے شہ زور لیڈروں میں شمار کیا جاتا ہے اور وہ بہار کے مہاراج
گنج سے کئی بار ممبر پارلیمنٹ منتخب ہوئے ہیں۔